کاروار ، یکم دسمبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر آمدلّی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں کمٹہ کے رہنے والے فوٹو گرافر مہابلیشور امبیگا کی موت واقع ہوگئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ مہابلیشور اپنی بائک پر کہیں جا رہا تھا اور اس نے اچانک ہی ایک گلی میں اپنی بائک موڑنے کی کوشش کی تو پیچھے سے آ رہی ٹیمپو بے قابو ہوکر اس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مہابلیشور شدید زخمی ہوگیا ۔ اس موقع پر کاروار ایم ایل اے روپالی نائک وہاں سے گزر رہی تھیں ، انہوں نے ایمبولینس طلب کرنے کے علاوہ اسپتال سے رابطہ قائم کیا ۔ مگر ایمبولیس پہنچنے میں تاخیر ہوتے دیکھ کر ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کی گاڑی کے ذریعے زخمی مہابلیشور کو جلد سے جلد کریمس اسپتال میں پہنچانے کی کوشش کی ۔ اسی دوران راستے پر ہی ایمبولینس پہنچنے پر زخمی کو ایمبولینس میں منتقل کیا گیا ۔ مگر تب تک کافی دیر ہو چکی تھی ، جس کے نتیجے میں مہابلیشور نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ دیا ۔